گاندربل (جموں کشمیر) :وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع میں نالہ سندھ پر بنا اسٹیل برج کافی عرصے سے خستہ حالی کا شکار ہونے کی وجہ سے ایک وسیع آبادی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ نالہ سندھ پر تعمیر کیے گئے اس پل کو سال 2018میں ہی غیر محفوظ قرار دیا گیا تھا، تاہم اس کے باوجود چھوٹی بڑی گاڑیوں کا گزر جاری رہا اور دو ہفتے قبل اس پل کا ایک حصہ ٹوٹ جانے سے اب پل کو آمد و رفت کے لیے پوری طرح سے بند کر دیا گیا، جس سے علاقے کی کثیر آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
دہائیاں قبل بارڈر روڈ آرگنائزیشن (بی آر او) نے علاقے میں پن بجلی پاور پروجیکٹ کی تعمیر کے دوران اس پل کو تعمیر کیا تھا۔ سال 2018میں میں پل کی غیر محفوظ حالت کی نشاندہی کرکے ایک بورڈ بھی چسپاں کیا گیا تاہم اس کے باوجود تاحال اس پل کی کوئی مرمت نہیں کی گئی۔ دو ہفتے قبل پل کا وسطی حصہ ٹوٹ جانے کے بعد پل کو مکمل طور پر آمد و رفت کے لیے بند کر دیا گیا۔