گاندربل (جموں کشمیر) :وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع میں ایک ٹریفک حادثے کے دوران کار میں سوار دو خواتین سمیت چار افراد زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ ضلع کے سیاحتی مقام سونہ مرگ کے قریب پیش آیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ضلع یمں سونہ مرگ کے قریب سربل علاقے میں ایک آلٹو کار زیر رجسٹریشن نمبر 3469-JK01W حادثہ کا شکار ہو گئی جس میں سوار چاروں افراد زخمی ہو گئے، زخمیوں میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔
حادثے کے بعد زخمیوں کو فوری طور پر علاج و معالجے کے لئے پرائمری ہیلتھ سنٹر سونہ مرگ منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد سبھی زخمیوں کو بہتر علاج کے لئے شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (سکمز) صورہ منتقل کیا گیا جہاں وہ اس وقت زیر علاج ہیں۔ ادھر، جموں کشمیر پولیس نے واقعے کا نوٹس لیکر کیس درج کر لیا ہے۔ پولیس نے اس ضمن میں مزید کارروائی بھی شروع کر دی ہے۔ حادثے میں گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ حادثے میں زخمی ہوئے افراد کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو پائی ہے۔