سری نگر: فوج نے جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے لارکی پورہ علاقے میں دو مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ فوج کی چنار کور نے اتوار کے روز 'ایکس' پر ایک پوسٹ کے ذریعے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا کہ انٹلی ایجنسیوں کی طرف سے موصولہ مصدقہ اطلاع کی بنیاد پر فوج اور جموں وکشمیر پولیس نے اننت ناگ کے لکھی بھون لارکی پورہ علاقے میں ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب مشترکہ تلاشی آپریشن چلایا۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران دو مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا جن کی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کیا گیا۔ پوسٹ کے مطابق بر آمد شدہ اسلحہ و گولہ بارود میں ایک پستول، ایک ہینڈ گرینیڈ، ایک آئی ای ڈی اور دیگر جنگی سامان شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں مزید پوچھ تاچھ جاری ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سری نگر میں سیکورٹی فورسز نے چار ملی ٹینٹ معاونین کو گرفتار کرنے اور ان کے قبضے سے اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرنے کا دعویٰ کیا۔ پولیس کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ایک مشترکہ آپریشن میں کانہامہ نوگام میں شام کے اوقات میں ناکہ لگا کر سوار چار عسکریت پسند معاونین کی گرفتاری عمل میں لائی۔