بارہمولہ : شمالی کشمیر میں بارہمولہ ضلع کے فیروز پورہ ٹنگمرگ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں ایک رہائشی شیڈ میں آگ لگنے کے بعد دو کمسن بھائی بہن زندہ جلکر جاں بحق ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق جمعرات دوپہر فیروز پورہ ٹنگمرگ میں محمد اشرف ڈار ولد غلام نبی ڈار کے رہائشی شیڈ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد شیڈ کو پوری طرح آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
المناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب جاں بحق ہونے والے بچوں کی والدہ سبزی خریدنے بازار گئی ہوئی تھیں۔ جب وہ واپس لوٹی تو شیڈ میں آگ شعلے بھڑک رہے تھے۔ ایک عینی شاہد کے مطابق، مقامی لوگوں نے آگ کو بجھانے کی کوشش کی تاہم بچوں کو بچانے میں ناکام رہے۔ آگ کے شعلے، جو تیزی سے لکڑی کے ڈھانچے کو اپنی لپیٹ میں لے لئے تھے جس کی وجہ سے دونوں نابالغوں شیڈ میں ہی زندہ جلکر ہلاک ہوگئے۔ امدادی کوششوں کے باوجود دونوں بہن بھائی کو بچایا نہیں جا سکا۔