اننت ناگ (جموں کشمیر) :جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں عیشمقام پولیس ایسے دو ملزمین کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہو گئی جنہیں جموں کشمیر پولیس کو گزشتہ چودہ برسوں سے تلاش کر رہی تھی۔ حراست میں لیے گئے افراد کی شناخت ریشی بل عیشمقام کے رہنے والے فرید شاہ ولد اکبر شاہ اور لٹرو عیشمقام سے تعلق رکھنے والے شوکت احمد شاہ ولد غلام احمد کے طور پر ہوئی ہے۔
اننت ناگ پولیس کے مطابق دونوں افراد کچھ مجرمانہ سرگرمیوں میں شامل تھے، اُن کے خلاف عیشمقام تھانہ میں زیر ایف آئی آر نمبر 23/2010 U/S 147, 348, 354 RPC اور 74/2010 U/S 454, 380 RPC بالترتیب مقدمات درج تھے۔ عدالت نے ان کے خلاف جنرل وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔ وہ سنہ 2010 سے اپنی گرفتاریوں سے بچنے کے لئے روپوش تھے۔ تاہم پولیس کی مسلسل کوششوں کے بعد آخر کار پولیس انہیں ضلع اننت ناگ کے عیشمقام علاقہ سے 14 برس کے طویل عرصہ بعد گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ گرفتاری کے بعد دونوں مفرور افراد کو عدالت میں پیش کیا گیا۔