بارہمولہ (جموں کشمیر):پیر کے روز شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے سوپور علاقے میں ایک پر اسرار دھماکے میں چار افراد کی موت واقع ہو گئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق شیر کالونی، سوپر میں اس وقت ایک پر اسرار دھماکہ ہوا جب ایک سکریپ ڈیلر ٹرک سے سامان انلوڈ کر رہا تھا۔ دھماکے میں دو بچے موقعے پر ہی ہلاک ہو گئے جب کہ دو دیگر شدید زخمی ہو ئے جنہیں فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ دوران علاج فوت ہو گئے۔
صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے پولیس موقعے پر پہنچ گئی ہے اور ہلاک ہوئے بچوں کی شناخت کی جا رہی ہے۔ پولیس نے قانونی و طبی لوازمات کے لیے لاشوں کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لوازمات کی تکمیل کے بعد اور شناخت ہونے کے بعد جسد خاکی کو آخری رسومات کے لیے لواحقین کے سپرد کر دیا جائے گا۔ ادھر، اس دھماکے میں ہوئے جانی نقصان کے سبب علاقے میں غم و سراسیمگی کا ماحول ہے۔