ترال( پلوامہ):جہاں ایک طرف انتظامیہ وادی کشمیر میں سڑک رابطوں کو بہتر بنانے کے حوالے سے اقدامات کر رہا ہے، وہیں جنوبی قصبہ ترال میں کئی سڑکیں اس جدید دور میں بھی ویرانی کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ ترال اننت ناگ سڑک پر اگرچہ انتظامیہ نے گزشتہ برسوں میں تعمیر و تجدید کا کام کیا تھا تاہم ہردومیر کے نزدیک نصف کلومیٹر سڑک کو بغیر مرمت کے چھوڑا گیا، جس کی وجہ سے عوامی حلقوں میں ناراضگی پائی جا رہی ہے جبکہ سڑک کا یہ تباہ حال حصہ حکام کی لاپرواہی اور تعمیراتی کاموں کو پایہ تکمیل تک نہ پہنچانے کی عادت کو بھی ظاہر کرتا ہے۔
مقامی باشندوں نے سڑک کی خستہ حالی کو لیکر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سڑک کی خستہ حالی مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹروں کے لیے سوہان روح بنی ہوئی ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق سال 2019 سے لگاتار وہ دفاتر کے چکر کاٹ رہے ہیں، لیکن ان کی داد رسی اب تک نہیں کی گئی۔