سری نگر: جموں و کشمیر بخشی اسٹیڈیم میں آج شام کو لیجنڈز لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کا میچ کھیلا جائے گا۔ یہ مقابلہ حیدرآباد تویام اور سدرن سپر اسٹارز کے درمیان ہوگا۔یہ تقریباً 40 برسوں میں پہلی مرتبہ ہے کہ سری نگر میں اس شدت کا کرکٹ ٹورنامنٹ منعقد ہو رہا ہے۔
فی الحال پوائنٹس ٹیبل پر تویام حیدرآباد چوتھے نمبر پر ہے۔حیدرآباد نے چھ میچ کھیلے ہیں جس میں اسے دو مقابلوں میں جیت ملی ہے جبکہ تین میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، ایک میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہو گیا تھا۔ حیدرآباد مسلسل دو فتوحات کے ساتھ اس مقابلے کو بھی جیتنے کے لئے پر جوش ہے۔ گروپ مرحلے کا یہ ان کا آحری مقابلہ ہے اس لئے یہ میچ جیتنے کے لئے جی توڑ کوشش کر ے گی۔
اس کے برعکس، سدرن سپر اسٹارز ٹیبل میں سب سے اوپر ہے، جو پہلے ہی اپنے چھ میچوں میں صرف ایک ہار کے ساتھ ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے۔ یہ مقابلہ سپر اسٹارز کے لیے وارم اپ کا کام کرے گا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ دوسرا موقع ہے جب یہ ٹیمیں ٹورنامنٹ میں مقابلہ کریں گی، حیدرآباد نے ڈی ایل ایس طریقہ کے ذریعے اپنا پہلا مقابلہ پانچ رنز سے آسانی سے جیت لیا تھا۔