بڈگام (جموں کشمیر) :وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں ریاست مدھیہ پردیش کا معمر سیلانی حرکت قلب بند ہونے سے فوت ہو گیا۔ ایک عہدیدار نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایک معمر سیاح جس کی عمر تقریباً 72 سال بتائی گئی ہے، بدھ کی شام کو سیاحتی مقام دودھ پتھری میں اچانک بے ہوش ہو گیا جس کے بعد اسے فوری طور پر سب ضلع اسپتال خان صاحب پہنچایا گیا جہاں پر تعینات ڈاکٹروں کے مطابق اسپتال پہنچانے سے قبل ہی سیاح کی موت واقع ہو گئی تھی۔
فوت ہوئے معمر سیاح کی شناخت للت کمار بندی ولد شوباگ مل ساکن اندور، مدھیہ پردیش کے طور پر ہوئی ہے۔ عہدیدار نے بتایا کہ طبی و قانونی کارروائیوں کے بعد لاش کو آخری رسومات کے لیے ان کے آبائی مقام واقع اندور مدھیہ پردیش روانہ کر دیا جائے گا۔ ادھر، ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ اس ضمن میں پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔