سرینگر:شیر کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم سرینگر میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے نیشنل کانفنرس، پی ڈی پی اور کانگریس کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے موروثی سیاست پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ ان تینوں خاندانوں نے جموں و کشمیر کو بربادی کے سیوا کچھ بھی نہیں دیا اور ان مذکورہ خاندانوں نے اپنے اقتدار کے لیے یہاں لوگوں کو ہمیشہ بلی کا بکرا بنایا۔
انہوں نے کہا کہ ان تین خاندانوں کو لگتا تھا کہ ان پر کیسے سوال اٹھایا جائے لیکن اب یہ دلی سے یہاں تک بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکے ہیں۔ ان کا مقصد جموں و کشمیر کی ترقی نہیں ہے بلکہ ان کا ہدف کرسی ہے اور یہ لوگ کرسی کے حصول کے لیے کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا لوگوں کو لوٹنا ان سیاسی جماعتوں کا شیوہ رہا ہے اور لوگوں کو اپنے جائز حق سے محروم رکھنا ہی ان کا سیاسی ایجنڈا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این سی اور پی ڈی میں نے جموں و کشمیر کو تشدد اور انتشار دیا لیکن اب جموں وکشمیر کے لوگ این سی، پی ڈی اور کانگریس کے شکجنے میں آنے والے نہیں ہیں۔