جموں:پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) بھارتیہ جنتا پارٹی کو اقتدار سے دور رکھنے کے لیے کسی بھی سیکولر حکومت کی حمایت کرے گی۔ پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی نے یہ بات جموں میں پارٹی امیدوار کی حمایت میں منعقدہ روڈ شو کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے اور دوسرے مرحلے کی ووٹنگ کے بعد یہ واضح ہو گیا ہے کہ جموں و کشمیر میں ایک سیکولر حکومت بنے گی اور یہ پی ڈی پی کے بغیر نہیں بن سکتی۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے کشمیر کے سلسلے میں سیاست کی۔ کشمیر میں جن لوگوں کو بی جے پی جیتنے میں مدد کر رہی ہے ان لوگوں کو نہ صرف پیسہ مل رہا ہے بلکہ انتظامیہ کی حمایت بھی مل رہی ہے۔ ایسے لوگوں کے جلسوں میں آزادی کے نعرے لگتے ہیں لیکن کچھ نہیں کیا جا رہا۔ کشمیر کے ہزاروں لوگ جیلوں میں ہیں، لیکن بی جے پی صرف ان لوگوں کو نکال رہی ہے جن سے اسے امید ہے کہ وہ انتخابات جیت کر حکومت بنانے میں ان کی مدد کریں گے۔
محبوبہ مفتی اسمبلی انتخابات کے درمیان دو روزہ دورے پر پہلی بار جموں پہنچی تھیں۔ انہوں نے سانبہ اور آر ایس پورہ میں جلسوں سے خطاب کیا۔ شام کو پرانے شہر میں روڈ شو کا انعقاد کیا گیا۔ انہوں نے جموں کے لوگوں سے کہا کہ وہ جموں ایسٹ سے پارٹی امیدوار آدتیہ گپتا کی حمایت کریں اور بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔