اونتی پورہ: وادی کشمیر میں منشیات کی لت نے جس طرح اپنے پنجے پسار دیے ہیں وہ سماج کے سامنے عیاں ہیں۔ منشیات کی بڑھتی اس وباء نے ہرزی حس فرد کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے ۔ جنوبی کشمیر کے اونتی پورہ ماضی قریب میں منشیات فروشی کے حوالے سے بہت ہی بدنام تھا تاہم اب اس علاقے میں رفتہ رفتہ حالات معمول پر آرہے ہیں کیونکہ گزشتہ کئ برسوں کے دوران اونتی پورہ پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف سخت کاروائی کرکے یہ پیغام دیا ہے کہ اب اس علاقے میں یہ سب کچھ چلنے والا نہیں ہے۔
گزشتہ دو ہفتوں کے دوران اونتی پورہ پولیس نے اونتی پورہ، ترال اور پامپور علاقوں میں ایک درجن کے قریب منشیات فروشوں کو سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا ہے جبکہ لاکھوں روپے مالیت کی منشیات کو بھی ضبط کر دیا گیا ہے اس کے علاوہ اس گورکھ دھندے سے حاصل شدہ پراپرٹی کو بھی پولیس نے ضبط کر دیا ہے کہ منشیات فروشوں کے عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔ عوامی سطح پر منشیات فروشوں کے خلاف سخت گیر رویہ اپنانے پر پولیس کے ان اقدامات کی سراہنا کی جا رہی ہے ۔