سرینگر:منشیات کی لعنت کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے شمالی ، جنوبی اور وسطی کشمیر میں دس منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے بڑی مقدار میں ممنوع نشیلی اشیاء برآمد کی ہے۔ پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پولیس پوسٹ میرگنڈ کی ایک پارٹی نے میر گنڈ پٹن میں ایک ناکے کے دوران ایک ٹرک زیر رجسٹریشن نمبر JK05K – 7086 کو روکا جو سرینگر سے بارہمولہ کی طرف آ رہا تھا اور اس ٹرک میں تین افراد سوار تھے۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران ان کی تحویل سے 13 سیرپ اور ایک پلاسٹک بوتل بر آمد کی گئی جن میں ایک لیٹر کوڈین فاسفیٹ مادہ بھرا ہوا تھا۔ بیان کے مطابق مذکورہ تینوں افراد کو گرفتار کرکے پولیس اسٹیشن پٹن میں بند رکھا گیا اور ٹرک کو بھی ضبط کیا گیا ہے۔گرفتار شدگان کی شناخت فیروز احمد ڈار ولد محمد امین ساکن کھمبیار پٹن، اعجاز احمد وانی ولد نذیر احمد ساکن پلہالن پٹن اور گلزار احمد ڈار ولد محمد اکبر ساکن وانی گام کریری کے طور پر کی گئی ہے۔
پولیس نے اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن پٹن میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ بارہمولہ پولیس نے ضلع میں سال رواں کے پہلے دو مہینوں کے دوران منشیات فروشوں کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 39 مقدمے درج کرکے 62 منشیات فروشوں کی گرفتاری عمل میں لا کر ان کی زائد از ایک کروڑ روپے مالیت کی جائیدادوں کو ضبط کیا ہے۔