اننت ناگ (جموں کشمیر):جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں دینی تنظیم تحریک صوت الاولیاء اور نجی ہسپتال الحیات کی جانب سے ضلع کے باغ نوگام علاقے میں مفت طبی کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا گیا، جس میں ڈاکٹرس نے دور دراز علاقوں سے آئے مریضوں کی طبی جانچ کی، جب کہ انہیں مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔ اس دوران مریضوں کی کافی بھیڑ بھاڑ دیکھی گئی کیونکہ خشک اور آلودہ موسم میں لوگ نزلہ، کھانسی، زکام اور بخار میں مبتلا ہیں۔
لوگوں، خاص کر مریضوں نے صوت الاولیاء کے اس اقدام کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ تنظیم دینی خدمات کے ساتھ ساتھ غریب عوام کی خدمت میں پیش پیش رہتی ہے۔ اس موقع پر صوت الاولیاء کے ناظم اعلیٰ الحاج مولانا عبدالرشید داؤدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’عوام کی خدمات اور انہیں کئی طرح کی سہولیات فراہم کرنے کی کوشش گزشتہ کئی برسوں سے جاری ہے۔ طبی کیمپس کا انعقاد بھی اسی پہل کی ایک کڑی ہے۔‘‘