بانڈی پورہ (جموں کشمیر): سطح سمندر سے تقریباً 12,000 فٹ کی بلندی پر واقع رازدان پاس پر تازہ برف باری کے بعد 20 سے زائد مسافر بردار گاڑیاں اور متعدد افراد رات گئے درماندہ ہو گئے تھے۔ اطلاعات کے مطابق برف باری کے باعث بانڈی پورہ -گریز شاہراہ پر سفر کرنے والے افراد شدید مشکلات سے دوچار ہو گئے جبکہ بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او) کے 56 آر سی سی/32 بی آر ٹی ایف بٹالین نے فوری کارروائی کرتے ہوئے برف ہٹانے والے آلات اور مشینری کو موقع پر منتقل کیا اور رات بھر برف ہٹانے کا عمل جاری رکھا۔
مسافروں کو نکالنے میں بی آر او کے اہلکاروں کو تقریباً پانچ گھنٹے کی کڑی محنت کرنی پڑی، جس کے بعد تمام مسافروں کو بحفاظت نکالا گیا۔ تاہم، موسم کی خرابی، گھنے بادلوں اور گہری دھند کے باعث رازدان پاس کے اطراف میں حدِ نگاہ متاثر ہوئی ہے، جس کے سبب گاڑیوں کی آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا۔ یاد رہے کہ بانڈی پورہ -گریز سڑک جو تقریباً 85 کلومیٹر پر محیط ہے، رازدان پاس سے گزرتی ہے اور ہر سال نومبر کے بعد برف باری کے باعث یہ راستہ اکثر منقطع ہو جاتا ہے۔ بی آر او کی جانب سے برف ہٹانے کے مسلسل اقدامات کے باوجود سردیوں کے دوران یہ سڑک کئی مہینوں تک بند رہتی ہے، جس کی وجہ سے گریز کا ضلع صدر مقام سے رابطہ منقطع ہو جاتا ہے۔