سرینگر (جموں کشمیر) :ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن، کشمیر نے اُن اسکولی طلباء کے اسکولی احاطے میں داخل ہونے پرپابندی عائد کی ہے جو طلباء از خود گاڑی، موٹر سائیکل یا اسکوٹی چلاکر اسکول آتے ہیں۔ اس حوالے سے منگل کو ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے ایک سرکیولر جاری کیا ہے۔ جاری کردہ سرکیولر میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’اس تعلق سے نہ صرف طلباء بلکہ ان کے والدین کو بھی آگاہ کیا جانا چاہئے۔‘‘
سرکیولر میں مزید کہا گیا ہے ’’یہ ایک سنگین اور باعث تشویش معاملہ ہے کہ کم عمر طلباء میں ڈرائیونگ کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے، جس کے نتیجے میں نہ صرف ٹریفک کے المناک حادثات میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے بلکہ اب اس سے عوامی حفاظت کے خطرات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔‘‘ ڈائیریکٹر اسکول نے نجی، سرکاری اسکولوں اور کوچنگ مراکز سمیت تمام اسکولوں باریک بینی سے نگرانی کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’اس بات کو یقینی بنائیں کہ کسی بھی طالب علم (نابالغ) کو کسی موٹر سائیکل یا گاڑی چلانے کے دوران ادارے میں کسی بھی حالت میں داخل ہونے کی اجازت نہ دی جائے۔‘‘