اننت ناگ (جموں کشمیر) :جنوبی کشمیر کا اننت ناگ ضلع گرچہ آبی وسائل خاص طور پر چشموں کے لیے معروف ہے وہیں ضلع کے کئی دیہات میں لوگوں کو پینے کے پانی کی دستیابی کے سبب مشکلات کا سامان کرنا پڑ رہا ہے۔ ضلع کے سونہ براری، کوکرناگ کے باشندوں کا دعویٰ ہے کہ پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی کے باعث گزشتہ کئی برسوں سے لوگ پریشان ہیں۔ لوگوں کو کئی کلومیٹر کا فاصلہ طے کر کے مختلف ندی نالوں یا چشموں سے گھوڑوں پر لاد کر پانی گھروں تک پہنچایا پڑتا ہے، جبکہ خراب موسم کے دوران لوگ بارشوں کا پانی پینے پر مجبور ہو رہے ہیں۔
سونہ براری اور اس سے ملحقہ علاقے کے لوگوں کا کہنا ہے کہ ایک جانب حکومت تعمیر و ترقی کے بلند بانگ دعوے کر رہی ہے کہ ’’ہم لوگوں کو سہولیات پہنچانے کی غرض سے پر عزم ہیں۔‘‘ وہی دوسری جانب سونہ براری جیسے دیہی علاقوں میں حکومت کے دعوے سراب ثابت ہو رہے ہیں۔ میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے لوگوں نے کہا کہ وہ پہاڑی علاقے سے تعلق رکھتے ہیں جہاں پینے کے صاف پانی کا فقدان ہے۔ انہوں نے کہا کہ سونہ براری میں بستی سے قریباً دو کلومیٹر کی دوری پر ایک چشمہ موجود ہے جہاں سے علاقے کی خواتین کو روزانہ پانی لانا پڑتا ہے۔