پونچھ:سرحدی ضلع پونچھ کے ساوجیاں، منڈی علاقے میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب بارودی سرنگ دھماکہ کے نتیجہ میں فوجی اہلکار سمیت دو پورٹر (مزدور) زخمی ہوئے ہیں۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ بدھ کے روز سرحدی علاقہ ساوجیاں میں فوج کی ٹیکری پوسٹ کے قریب ایک بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا جس دوران یہ تینوں افراد شدید زخمی ہو گئے۔
دھماکے کے فوراً بعد فوج نے ریسکیو آپریشن شروع کیا اور زخمیوں کو ضلع ہسپتال پونچھ پہنچایا گیا جہاں زخمی فوجی اہلکار اور دونوں پورٹرز زیر علاج ہیں۔ ابتدائی طور پر بارودی سرنگ دھماکہ کی وجوہات کا پتہ نہیں چلا سکا تاہم اس معاملے کی نسبت سیکورٹی ایجنسیز کی جانب سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ زخمی ہونے والوں کی شناخت حوالدار اندرجیت سنگھ، پورٹر شکیل حسین و نیرج چوہدری کے طور پر ہوئی ہے۔