پلوامہ (جموں کشمیر) :طویل عرصے کے بعد وادی میں برفباری کی وجہ سے جہاں اہلیان کشمیر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں وہیں اس بیچ کسانوں کے چہرے کھل اٹھے ہیں اور وہ برفباری سے انتہائی خوش ہیں۔ رواں ہفتے کے دوران ہوئی برفباری کے بعد محکمہ موسم کی پیش گوئی کے عین مطابق ہفتہ کے روز پھر سے برفباری ہوئی جس نےکسانوں خاص کر باغ مالکان کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا ہے۔
کسانوں کو برف باری سے فصلوں کی پیداوار میں اضافہ کی امید ہے وہیں اس سے جنگلات میں آگ زنی کے واقعات میں بھی کمی واقع ہوگی۔ ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوے جنوبی کشمیر کے ترال علاقے سے تعلق رکھنے والے کئی کسانوں نے بتایا کہ طویل خشک سالی کے بعد برفباری ان کے لیے خوشی کی نوید لیکر آئی ہے۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ نہ صرف اس برفباری سے اراضی تر ہوئی بلکہ اس سے آبی ذخائر میں بھی پانی کی سطح میں اضافہ ہوگا۔ کسانوں نے بتایا کہ بوئی ہوئی فصلیں جو تباہی کے دہانے پر تھی، تازہ برفباری سے ان میں پھر سے جان آگئی ہے، علاوہ ازیں برفباری سے بعض وائرل بیماریاں بھی کم ہوں گی اور عوام کو راحت نصیب ہوگی۔