سرینگر:جموں وکشمیر پیپلز پارٹی (جے کے پی پی) کے سربراہ اور سرینگر پارلیمانی نشست کے امیدوار شیبان عشائی نے نیشنل کانفرنس (این سی)، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) اور جموں کشمیر اپنی پارٹی (جے کے اے پی) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’میرا مقابلہ مذکورہ جماعتوں سے نہیں ہے بلکہ میں براہ راست بی جے پی سے لڑ رہا ہوں۔ کیونکہ یہ سبھی جماعتیں بالواسطہ یا بلاواسطہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کا حصہ اور حمایتی رہی ہیں۔‘‘ ان باتوں کا اظہار شیبان عشائی نے ای ٹی وی بھارت کے نمائندے پرویز الدین کے ساتھ خصوصی بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے سرینگر پارلیمانی سیٹ کے اپنی پارٹی کے امیدوار محمد اشرف میر کی بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’وہ تو بی جی پی اور اپنی پارٹی کا مشترکہ امیدوار ہے۔ ایسے میں وہ اگر اس سرینگر حلقے سے جیت بھی جائے گا وہ پارلیمنٹ کس طرح اور کیسے کشمیر مخالف ایجنڈے پر بی جی پی کے خلاف بات کر سکتے ہیں۔ یہ عیاں ہے کہ بی جی پی خود (انتخابات) لڑے یا اپنی پارٹی، بات ایک ہی ہے۔‘‘
شیبان عشائی نے نیشنل کانفرنس کے آغا سید روح اللہ مہدی اور پی ڈی پی کے وحید الرحمان پرہ پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد آگا روح اللہ نے نیشنل کانفرنس سے خفا ہوکر کب اور کس پلیٹ فارم پر بی جی پے یا وزیراعظم کے خلاف بات کی جو آج یہاں کہتے پھرتے ہیں کہ ’’ہمیں اپنی عزت وقار اور کھوئے ہوئے تشخص کے لیے ایک جٹ ہونا چائیے۔‘‘