اردو

urdu

ETV Bharat / jammu-and-kashmir

سرینگر: 'ہمارا سماج ہماری ذمہ داریاں' کے عنوان سے سمینار کا انعقاد - SEMINAR in Srinagar - SEMINAR IN SRINAGAR

شہید ملت میرواعظ مولوی محمد فاروق صاحبؒ کے 34ویں برسی کے موقعے راجوری کدل میں 'ہمارا سماج ، ہماری ذمہ داریاں' کے عنوان سے ایک سمینار کا انعقاد کیا گیا۔

سرینگر: 'ہمارا سماج  ہماری ذمہ داریاں' کے عنوان سے سمینار کا انعقاد
سرینگر: 'ہمارا سماج ہماری ذمہ داریاں' کے عنوان سے سمینار کا انعقاد (فوٹو: ای ٹی وی بھارت)

By ETV Bharat Urdu Team

Published : May 19, 2024, 9:33 PM IST

سرینگر: 'ہمارا سماج ہماری ذمہ داریاں' کے عنوان سے سمینار کا انعقاد (ویڈیو: ای ٹی وی بھارت)

سرینگر:انجمن نصرۃ الاسلام کے سابق صدر شہید ملت میرواعظ مولوی محمد فاروق صاحبؒ کے 34ویں سال شہادت کے سلسلے میں انجمن کے زیر اہتمام اسلامیہ ہائر سیکنڈری اسکول راجوری کدل کے آڈیٹوریم میں 'ہمارا سماج ، ہماری ذمہ داریاں' کے عنوان کے تحت ایک پُر وقار اصلاحی اور تعلیمی سمینار منعقد ہوا جس میں وادی کے متعدد اور نامور سکول کے طلبا اور طالبات نے موضوع کی مناسبت سے اظہار خیال کیا۔
پروگرام کے مطابق سمینار کی صدارت موجودہ صدر انجمن میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق کو انجام دینی تھی لیکن ریاستی انتظامیہ نے موصوف کو بدستور اپنی رہائش گاہ میں نظر بند کرکے نہ صرف ان کی دینی، سماجی اور منصبی سرگرمیوں پر قدغن عائد کر رکھی ہے بلکہ آج بھی مذکورہ سمینار میں میرواعظ کو شرکت کی اجازت نہیں دی گئی۔
چنانچہ سمینار کی صدارت کے فرائض سرکردہ عالم دین مولانا شوکت حسین کینگ نے انجام دیئے جبکہ اس موقعہ پر انجمن کے ایگزیکٹیو ممبران کے علاوہ وادی کی کئی دینی اور سماجی شخصیات موجود تھیں۔سمینار میں شامل طلباء نے موضوع کی مناسبت سے اظہار خیال کرتےہوئے کشمیری سماج کو درپیش گوناگوں مسائل، سماجی برائیوں، بے راہ روی، منشیات، گھریلو تشدد، خودکشی کے بڑھتے ہوئے واقعات، جیسے سنگین مسائل کو موجودہ حالات میں کشمیری سماج کی تباہی کے اہم اسباب قرار دیتے ہوئے کہا کہ من حیث القوم ہم سب اپنے معاشرے کی موجودہ حالت کے ذمہ دار ہیں اور اگر سماج کو ٹھیک کرنا ہے تو ہم سب کو اپنی اپنی حیثیت کے مطابق یک جٹ ہو کر اس کے خلاف مہم جوئی اختیار کرنی پڑے گی۔
اپنے صدارتی خطاب میں مولانا کینگ نے موجودہ صدر انجمن میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق پر قدغنوں کو غیر جمہوری قرار دیتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ میرواعظ کے حوالے سے جس معاندانہ روش پر گامزن ہیں وہ حد درجہ قابل تشویش ہے۔
مولانا کینگ نے شہید ملت کو انکی گرانقدر اصلاحی اور تعلیمی خدمات کیلئے شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ شہید رہنما اپنے نامور اکابر و اسلاف کی طرح ایک بہت بڑے مصلح قوم کی حیثیت سے منصئہ شہود پر آئے اور ایک قلیل مدت میں اصلاح قوم و ملت کے حوالے سے انہوں نے جو کارہائے نمایاں انجام دیے انہوں نے اسکو تادیر زندہ جاوید کردیا۔
سمینار میں شاندار تعلیمی مظاہرےپر جن طلباء کو نقد انعامات، توصیفی سندات اور میڈلز سے نوازا گیا ان میں پہلی پوزیشن کے لیے گرین ویلی ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹ کی طالبہ کاملہ شمیم، برن ہال ہائیرسیکنڈری اسکول کے طالب علم سیدتابان طارق کو دوسری پوزیشن اور اسلامیہ ہائی اسکول اشاجی پورہ اسلام آباد کی طالبہ مہین خورشید کو تیسری پوزیشن کیلئے انعامات سے نوازا گیا۔
اس مرحلے پر مجلہ نصرۃ الاسلام کے شہید ملت نمبر 2024 کا اجرا بھی عمل میں لایا گیا جبکہ شہید ملت ، انجمن کے بانی میرواعظ علامہ رسول شاہ جملہ مرحوم سابقہ صدور ، جنرل سیکریٹریز اور معاونین اور شہدا کی مغفرت اور جنت نشینی کیلئے اجتماعی دعا کی گئی۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details