سرینگر (جموں کشمیر):سرینگر، بارہمولہ اور اننت ناگ - راجوری پارلیمانی نشستوں پر منعقد ہونے والے انتخابات کے احسن اور پر امن انعقاد لیے وادی کشمیر میں حفاظت کے سخت اور کڑے بندوبست کیے گئے ہیں۔ چوتھے مرحلے کے تحت سرینگر میں اگلے ہفتے 13 مئی کو ہونے والے انتخابات کے پیش نظر سرینگر میں سیکورٹی گریڈ کو مظبوط کیا گیا ہے جب کہ حساس مقامات پر سکیورٹی کی اضافی نفری کو تعینات کیا جا رہا ہے۔
سکیورٹی کے اعتبار سے ہر چیز پر باریکی سے نظر گزر رکھی جا رہی ہے۔ پولنگ مراکز خاص کر حساس پولنگ مراکز پر مضبوط سیکورٹی گریڈ، اسٹرانگ روم محفوظ بنانے اور الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں یعنی ای وی ایمز کو پولنگ مراکز تک پہنچانے کے لیے جامع سیکورٹی اور بلیو پرنٹ تیار کیا جا رہا ہے۔ ادھر، حکام کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ممکنہ غلط استعمال پر بھی کڑی نگاہ رکھی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ پولنگ پارٹی کی نقل و حرکت، سینٹرل آرمڈ پولیس فورسز (سی اے پی ایف) کے لیے رہائش کے انتظامات اور عوامی اجتماعات، جلوسوں اور ریلیوں کے لیے حفاظتی پروٹوکول کی باریک بینی سے نگرانی کی جا رہی ہے۔