جموں: جموں و کشمیر میں دو مختلف مقامات سے ہتھیار اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا ہے۔ان دونوں معاملات کی جانچ جاری ہے۔ حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے پیش نظر جموں و کشمیر میں حفاظتی انتظامات سخت ہیں۔
جانکاری کے مطابق جموں کے گھروٹا علاقے میں پولیس اور فوج کی گشتی ٹیم کو سڑک کے کنارے ایک مشکوک چیز ملی۔ تفتیش کے دوران اس میں دھماکہ خیز مواد ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا۔ یہ اطلاع بم ڈسپوزل اسکواڈ کو دی گئی۔ دریں اثنا گھروٹا کے علاقے میں سکیورٹی سخت کر دی گئی۔ ٹریفک کا رخ موڑ دیا گیا۔ بعد ازاں مشتبہ دھماکہ خیز مواد کو تباہ کر دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں فوج کے ساتھ مشترکہ گشت جاری تھی کہ اس دوران دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔
وہیں جموں خطے کے پونچھ ضلع کے جھلس علاقے میں بھی فوج کی رومیو فورس نے ہتھیاروں اور دھماکہ خیز مواد کا ایک بڑا ذخیرہ ضبط کیا ہے۔ فوج کے مطابق خفیہ اطلاع کی بنیاد پر سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔ اس دوران ایک مشتبہ عسکریت پسند کا ایک بیگ برآمد ہوا۔ تلاشی کے دوران بیگ سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔