بارہمولہ:جموں و کشمیر میں شدید سردی اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے اور اس دوران ضلع بارہمولہ کے سوپور اور اس کے علاقے کے قریب و جوار میں تازہ برفباری دیکھنے کو مل رہی ہے۔ وہیں سوپور کے میدانی علاقوں میں رواں موسم سرما کی پہلی برف باری ہوئی۔
آپ کو بتادیں کہ گذشتہ چند مہینوں سے بارش نہیں ہو رہی تھی۔ سوپور قصبہ کی بات کرے تو یہاں کی آبادی میوہ صنعت پر منحصر ہے اور ایسے میں سوپور، رفیع آباد اور زنگیر میں وقت پر برفباری ہونا مقامی آبادی کے لئے کافی خوشی حالی کی بات ہے اور سیب کے درختوں پر برف کا ہونا ایک دلفریب نظارہ ہوتا ہے۔
اس دوران وادی کشمیر کے مختلف علاقوں کے ساتھ ساتھ گاندربل کے میدانی علاقوں میں کچھ مقامات پر بارشیں بھی ہوئیں۔ اس کی وجہ سے سردی میں اضافہ ہوا ہے۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ روڈ سے برف ہٹانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔