پلوامہ (جموں کشمیر) :ماسٹر بلاسٹر سچن تندولکر اہل خانہ کے ساتھ وادی کشمیر کے دورے پر ہیں۔ سچن نے آج پہلگام سے سرینگر کی طرف واپسی پر ضلع پلوامہ میں زعفران کی دکانوں کے لیے مشہور لیتہ پورہ علاقے میں رکے اور زعفران کی ایک دکان پر کچھ وقت گزارا اور خریداری بھی کی۔ اس موقع پر وہاں موجود مداحوں کی ایک بڑی تعداد بھی جمع ہوگئی۔
’’لٹل ماسٹر‘‘ سچن تندولکر نے کسان کیسر نامی ایک دکان پر زعفرانی قہوہ بھی نوش کیا، جبکہ اس موقع پر تندولکر کو شہرہ آفاق کشمیری زعفران کے بارے میں جانکاری بھی فراہم کی گئی اور انہیں زعفران کی کھیتی، پیداوار اور زعفران کی کاشت سے وابستہ کسانوں کو درپیش چیلینجز سے بھی آگاہ کیا گیا۔ جاوید احمد نامی زعفران کی دکان کے مالک، جہاں سچن نے قہوہ نوش کیا، نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ سچن کی آمد ان کے اور ان کی تجارت کے لئے ایک نیک شگون ہے۔ انہوں نے کہا: ’’سچن تندولکر کو کرکٹ کا بھگوان مانا جاتا ہے، سچن کے نام کرکٹ کی دنیا میں کئی ریکارڈز ہیں اور وہ ہمیشہ کرکٹ کھلاڑیوں کے لیے مشعل راہ رہیں گے۔‘‘