بارہمولہ :شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں آگ بھجانے کے لئے جا رہی فائر اینڈ ایمرجنسی کی ایک گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں تین فائر ٹینڈرز زخمی ہو گئے۔ محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ضلع کے درہامہ علاقے میں دوران شب منظور احمد آہنگر ولد محمد اکبر آہنگر نامی ایک شہری کے مکان میں آگ نمودار ہوئی، اور لوگوں نے فائر ٹینڈرز کر مطلع کیا۔ گاڑی آگ بجھانے کے لیے روانہ ہوئی تاہم راستے میں ہی حادثہ کا شکار ہو گئی۔
ابتدائی معلومات کے مطابق گزشتہ شب ہوئی بارشوں اور ہلکی برفباری کے سبب سڑک پھر پھسلن تھی جس کی وجہ سے فائر اینڈ ایمرجنسی کی گاڑی ڈرائیور کے قابوں سے باہر ہو کر حادثہ کا شکار ہو گئی۔ یہ حادثہ منگل کی صبح چار بجے پیش آیا جس دوران فائر اینڈ ایمرجنسی کی گاڑی سڑک سے الٹ گئی اور اس میں سوار کم از کم تین اہلکار زخمی ہوئے۔ زخمی ہوئے فائر اینڈ ایمرجنسی کے عملہ کو فوری طور پر نزدیکی اسپتال پہنچایا گیا جہاں ان کا علاج و معالجہ کیا جا رہا ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق زخمی ہوئے اہلکاروں کی حالت مستحکم ہے۔