پلوامہ : جموں و کشمیر کے پلوامہ میں گورنمنٹ بوائز مڈل سکول گنڈی پورہ کے ہیڈ ماسٹر سید بشارت مصطفیٰ نے علاقے کے طلباء کے مستقبل کو سنوارنے میں جو کردار ادا کیا ہے اسے خراج تحسین پیش کرنے کے لیے سکول کے احاطے میں ان کی ریٹائرمنٹ پر ایک عظیم الشان تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس عظیم الشان تقریب میں طلباء اور علاقہ کے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی جس کا اہتمام اسکول اسٹاف اور مقامی لوگوں نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔
اس سلسلے میں مقامی لوگوں نے بات کرتے ہوئے کہا کہ گورنمنٹ مڈل سکول گنڈی پورہ کے ہیڈ ماسٹر سید بشارت مصطفی نے علاقے میں اپنی 7 سالہ خدمات انجام دی ہیں اور علاقے کے طلباء کے مستقبل کو سنوارنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ وہی غلام احمد میر نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہیڈ ماسٹر نے اپنے دور میں علاقے میں شرح خواندگی بڑھانے کی پوری کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں اپنی خدمات کے دوران انہوں نے علاقے میں علم کی شمع روشن کرنے میں جوش اور جذبے سے کام کیا۔