اردو

urdu

ETV Bharat / jammu-and-kashmir

محبوبہ مفتی نے گگنگیر جیسے واقعات کے خاتمے کے لیے بھارت-پاکستان مفاہمت پر زور دیا

محبوبہ مفتی نے کہا بھارت اور پاکستان کے درمیان دشمنی کے باعث جموں و کشمیر کے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔

پی ڈی پی  کی صدر محبوبہ مفتی
پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی (Image Source: ETV Bharat)

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Oct 23, 2024, 7:05 PM IST

بڈگام: پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان دشمنی کا خاتمہ اور مفاہمت جموں و کشمیر میں پرتشدد واقعات کے خاتمے کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے یہ بات وسطی ضلع بڈگام کے نائید گام علاقے میں گگنگیر حملے میں ہلاک ہونے والے ڈاکٹر شاہ نواز احمد ڈار کے اہل خانہ سے تعزیت کے دوران کہی۔

محبوبہ مفتی نے گگنگیر جیسے واقعات کے خاتمے کے لیے بھارت-پاکستان مفاہمت پر زور دیا (Video Source: ETV Bharat)

گگنگیر کے واقعے میں نامعلوم مسلح افراد نے ڈاکٹر شاہ نواز احمد ڈار کو ہلاک کر دیا تھا، جس کے بعد محبوبہ مفتی نے لواحقین سے ملاقات کر کے اظہارِ ہمدردی کیا۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان دشمنی کے باعث جموں و کشمیر کے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے، اور جب تک دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بہتر نہیں ہوتے، ایسے واقعات رونما ہوتے رہیں گے۔

محبوبہ مفتی نے کہا، "گگنگیر جیسے واقعات اس وقت تک ختم نہیں ہوں گے جب تک دونوں ممالک کے درمیان واجپائی دور کی طرز پر مفاہمت نہیں ہوتی۔ یہ صرف میری خواہش نہیں بلکہ جموں و کشمیر کے عوام کی بھی یہی خواہش ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان دشمنی کا خاتمہ ہو۔"

انہوں نے سابق وزیرِ اعظم اٹل بہاری واجپائی کی دور حکومت میں بھارت اور پاکستان کے درمیان ہونے والی مفاہمت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس دور میں سرحدی کشیدگی میں کمی آئی تھی اور جموں و کشمیر میں امن کے امکانات پیدا ہوئے تھے۔

محبوبہ مفتی نے زور دیا کہ موجودہ حالات میں بھی دونوں ممالک کے درمیان بات چیت اور مفاہمت ناگزیر ہے تاکہ خطے میں دیرپا امن قائم ہو سکے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details