سرینگر:وادی کشمیر کے معروفبراڈکاسٹر اور شاعر فاروق نازکی کے انتقال پر سیاسی سماجی اور ادبی حلقوں نے گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے تعزیتی پیغامات میں کہا ہے کہ اس ہمہ جہت شخص کی وفات سے کافی خلا پیدا ہوا ہے، جس کی برپائی کرنا مشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن ہے۔
جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے معروف براڈکاسٹر، ادیب، شاعر اور منصف الحاج فاروق احمدنازکی (سابق ڈائریکٹر دور درشن و ریڈیو کشمیر) کے انتقالِ پُرملال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے اس سانحہ ارتحال پرمرحوم کے اہل خانہ کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ دونوں لیڈران نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔
ڈیموکریٹک آزاد پارٹی کے چیئرمین غلام نبی آزاد نے معروف شاعر فاروق نازکی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔آزاد نے کہا :’مجھے فاروق نازکی کے انتقال کے بارے میں جان کر بہت دکھ ہوا، ان کی ادبی ذہانت بے مثال تھی۔‘
غلام نبی آزاد نے کہا کہ نازکی صاحب مجھے ذاتی طورپر جانتے تھے اوران کے شاعرانہ الفاظ نہ صرف گہرے تھے بلکہ ہماری ثقافتی ورثے کی بھر پور عکاسی کرتے تھے۔
کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر پروفیسر سیف الدین سوز نے بھی فاروق نازکی کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ۔
اپنے تعزیتی پیغام میں پروفیسر سوز نے فاروق نازکی کے انتقال پر گہرے صدمے اور افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے کہاکہ نازکی کا انتقال نہ صرف کشمیری اور اردو زبانوں کے لئے ایک بڑاس نقصان ہے بلکہ کشمیر کے وسیع تر ثقافتی ورثے اقدار کے لئے بھی ایک گہرا دھچکا ہے۔ وہ کشمیر ی شناخت کے ایک مضبوط محافظ بھی تھے۔پروفیسر سوز نے رواداری اور بھائی چارے کے لیے ان کی غیر متزلزل لگن کی تعریف کی۔
دریں اثنا پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے بھی فاروق نازکی کے انتقال کو کشمیری ادب کے لئے بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے کہاکہ مرحوم نے ہمیشہ
پیپلز کانفرنس کے چیئرمین سجاد غنی لون نے مرحوم کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فاروق نازکی کے انتقال سے ثقافتی اور میڈیا کے ایک باب کا خاتمہ ہوگیا ہے، جس کو پرُ کرنا محال ہے۔
انہوں نے اپنے تعزیتی بیان میں مزید کہا کہ فاروق نازکی غیر معمولی شخصیت تھیں اور ادب اور براڈکاسٹر کے میدان میں ایک تابندہ ستارے تھے،جس نے انہوں نے ثابت قدمی کا مظاہرہ کرکے اپنا نام کمایا۔انہوں نے مرحوم کے سوگواران خاندان سے دلی تعزیت کی ہے، جبکہ مرحوم کی مغفرت اور سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کے لیے دعا کی۔