جموں:لوک سبھا الیکشن 2024 سے قبل بھارتیہ جنتا پارٹی نے منگل سے جموں و کشمیر کی تمام پارلیمانی نشستوں کے لیے اپنے انتخابی دفاتر کھولنے کے ساتھ بڑے پیمانے پر مہم شروع کی۔ بی جے پی کی پارلیمانی انتخابی مہم فروری سے شروع کر رہی ہے۔اس دوران مختلف اضلاع میں انتخابی مہم کے لیے سینیئر لیڈروں کے دورے شروع ہوں گے۔
پارٹی نے منگل کو پارٹی کے سینئر لیڈروں کو ریاست کے مختلف حصوں میں انتخابی دفاتر کھولنے کی ڈیوٹی لگا دی تھی اور آج جموں میں پارٹی صدر رویندر رینا نے پارلیمانی انتخابات کے لئے پارٹی کے دفتر کا افتتاح بخشی نگر علاقے میں کیا، جبکہ جموں کشمیر کے دیگر حصوں میں پارٹی لیڈران نے دفتروں کا افتتاح کیا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے یو ٹی جموں و کشمیر صدر رویندر رینا نے کہا کہ پارلیمانی انتخابات کے حوالے سے بی جے پی جموں وکشمیر یونٹ نے تیاریاں شروع کی ہیں اور بہت جلد ناموں کو بھی حتمی شکل دی جائے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ جموں وکشمیر کے پانچ پارلیمانی حلقوں میں دفاتر کھولے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فروری مہینے میں 90 اسمبلی حلقوں میں بھی دفاتر کھولے جارہے ہیں، تاکہ بھاجپا کی کی جیت کو یقینی بنایا جاسکے۔ان کے مطابق مارچ کے مہینے میں ہر بلاک میں بھاجپا کی جانب سے دفاتر کھولے جائیں گے اور اس حوالے سے جموں میں 180 اور کشمیر میں زائد از سو دفاتر کھولنے کی خاطر تیاریاں ہو رہی ہیں۔