سرینگر (جموں کشمیر) :اپوزیشن جماعت پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کا کہنا ہے کہ جموں کشمیر کے لوگوں کو وزیر اعظم نریندر مودی کے سرینگر دورے سے کوئی امید نہیں ہے کیونکہ گزشتہ برسوں سے جس طرح حکومت نے یہاں کی عوام کے ساتھ برتاؤ کیا ہے اس سے لوگ ناراض ہی ہیں۔ سرینگر میں پارٹی دفتر پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ڈی پی کے ترجمان اعلیٰ سہیل بخاری نے کہا کہ موجودہ سرکار نے جس طرح سے جموں کشمیر کے لوگوں کے ساتھ برتاؤ کیا ہے اس سے صاف لگ رہا ہے کہ یہاں کی عوام کو وزیر اعظم کے دورے سے کوئی خاص امیدیں وابستہ نہیں ہیں۔
سہیل بخاری کا کہنا تھا کہ لوگ اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ جس طرح سے سابق وزراء اعظم اٹل بہاری واجپائی اور منموہن سنگھ نے کشمیر کے لوگوں کے زخموں پر مرہم کرنے کی کوشش کی تھی، موجودہ سرکار یا وزیر اعظم نے اس طرح کی کوئی کوشش نہیں کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’جموں کشمیر تعمیر و ترقی کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ لوگوں کو مرکزی سرکار کی جانب سے زخموں پر مرہم کرنے کا مسئلہ ہے۔‘‘ بخاری نے مرکزی سرکار کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا: ’’موجودہ سرکار لوگوں کے زخموں پر مرحم نہیں کر رہی بلکہ انکا (بی جے پی حکومت کا) برتاؤ عوام کی امیدوں کے برعکس رہا ہے۔‘‘