بارہمولہ (جموں کشمیر) :شمالی کشمیر کے سرحدی علاقے اوڑی میں ڈرینیج سسٹم ناکارہ ہونے کے سبب عوام کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ گزشتہ دنوں ہوئی برف باری اور بارشوں کے بعد بالائی علاقوں سے نشیبی علاقوں کی جانب آنے والا پانی خستہ حال ڈرینیج کے سبب سڑکوں پر جمع ہو چکا ہے جس سے عوام کو عبور و مرور میں سخت مشکلات درپیش ہیں۔
مین مارکیٹ اوڑی میں ڈرینیج کا نظام اس قدر درہم برہم ہو چکا ہے کہ سڑکیں اور گلی کوچے زیر آب آچکے ہیں جو ٹرانسپورٹرس اور راہگیروں خاص کر دکانداروں کے لیے باعث عذاب بن چکا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر جمع ڈرینیج کا پانی ان کے گھروں اور دکانوں میں داخل ہو رہا ہے جس سے نہ صرف تعمیری نقصان کا اندیشہ ہے بلکہ اس سے لوگوں میں بیماریاں پھوٹ پڑنے کا بھی اندیشہ لاحق رہتا ہے۔