سرینگر (جموں کشمیر) :پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے ترجمان اعلیٰ سہیل بخاری نے اسمبلی انتخابات سے قبل پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفی دے دیا ہے۔ سہیل بخاری نے سرینگر میں میڈیا نمائندوں سے بات چیت کے دوران اس بات کی تصدیق کی اور کہا کہ انہوں نے پی ڈی پی سے کنارہ کشی اختیار کر کے پارٹی صدر محبوبہ مفتی کو اپنا استعفیٰ بھیج دیا ہے۔
پی ڈی پی - بی جے پی مخلوط حکومت کے میڈیا کنسلٹنٹ رہ چکے سہیل بخاری نے سال 2019 میں پی ڈی پی میں شمولیت اختیار کی تھی اور 2023 میں انہیں ترجمان اعلیٰ مقرر کیا گیا تھا۔ سہیل بخاری کے مستعفی ہونے سے قبل، پی ڈی پی کے کئی سینئر رہنما پی ڈی پی کو خیرباد کہہ چکے ہیں۔ سابق ایم ایل اے اعجاز میر کے علاوہ ترال کے ڈی ڈی سی ممبر ڈاکٹر ہر بخش سنگھ سمیت کئی دیگر ڈی ڈی سی ممبران نے پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفی دے کر پی ڈی پی کو خیر باد کہا ہے۔