ایمز جموں میں او پی ڈی خدمات کا آغاز (ای ٹی وی بھارت) جموں (جموں کشمیر) :جموں کے وجے پور میں واقع آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمز) میں علاج و معالجہ کے لیے انتظار کا وقت ختم ہو چکا ہے۔ یکم اگست یعنی جمعرات کو کو یہاں او پی ڈی خدمات شروع ہو چکی ہیں اور اب مریض صرف 10 روپے کی پرچی (داخلہ ٹکٹ) لے کر او پی ڈی میں اپنا ٹیسٹ کروا سکتا ہے۔ تاہم سرجری اور انڈور سروسز کے لیے مزید چھ ماہ کا انتظار کرنا پڑے گا۔
ایمز (AIIMS) جموں کو ایک گلوبل ولیج کی طرح تیار کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے تاکہ بیرونی ممالک کے ڈاکٹر بھی یہاں آکر تحقیق کر سکیں اور ایمز میں زیر تعلیم طلباء کے ساتھ اپنے تجربات شیئر کر سکیں۔ ایمز جموں کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، ڈاکٹر شکتی کمار گپتا نے او پی ڈی خدمات شروع ہونے کے بعد ان باتوں کا اظہار میڈیا نمائندوں کے ساتھ گفتگو کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ میڈیسن، سرجری، سپیچ ڈیزیز، ای این ٹی، گائناکالوجی، ڈرمیٹالوجی، آپتھلمولوجی، ای این ٹی فیملی میڈیسن کی او پی ڈی ہر روز ہوگی تاہم سائیکاٹری کی او پی ڈی پیر، بدھ اور جمعہ کو ہوگی۔ پین کلینک، فالج کی دیکھ بھال کا کلینک، امیونو ہیمیٹولوجی کلینک، ریڈیو تھراپی، دندان سازی بھی ہفتے کے تمام دنوں میں کھلی رہے گی۔ ادویات بھی تمام دنوں میں دستیاب ہوں گی۔ اینڈو کرائنولوجی، پیڈیاٹرک سرجری، سی ٹی وی ایس، نیفرولوجی، نیورو سرجری، نیورولوجی، یورولوجی کی او پی ڈی پیر، بدھ اور جمعہ کو منعقد ہوگی۔
ڈاکٹر گپتا نے مزید تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ برن اور پلاسٹک سرجری کے لیے او پی ڈی منگل، بدھ اور جمعہ کو ہو گی۔ مریضوں کی سہولت کے لیے نو کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ گپتا نے مزید کہا کہ یہ انسٹی ٹیوٹ جموں، سرینگر قومی شاہراہ پر واقع ہے اور یہاں ایمرجنسی کے زیادہ کیس سامنے آئیں گے۔ ٹراما سینٹر کی تعمیر کے لیے اسرائیل سے تعاون لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چھ ماہ کے اندر ایمرجنسی سروسز بھی شروع کر دی جائیں گی۔
ڈاکٹر گپتا نے یہ بھی کہا کہ ٹیلی میڈیسن خدمات چند ماہ قبل شروع کی گئی تھیں۔ تاہم ان کا ردعمل توقع کے مطابق نہیں ملا۔ لیکن جموں کشمیر، لیہہ، پنجاب اور ہماچل پردیش کے مریض اپنا علاج کروانے کے لیے انسٹی ٹیوٹ آ سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ مریضوں کو بائیو کیمسٹری، پیتھالوجی اور مائیکرو بایولوجی کے شعبہ جات میں ہونے والے ٹیسٹوں کے بارے میں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ ان کا ایک ہی چھت کے نیچے معائنہ کیا جائے گا اور ان کی رپورٹ چار سے چھ گھنٹے میں آن لائن دستیاب ہو جائے گی۔
ڈاکٹر شکتی گپتا نے کہا کہ اب تک ایمز جموں میں ایم بی بی ایس میں ہر سال 62 طلبہ کو داخلہ دیا جاتا تھا لیکن اس بار 100 طلبہ کے داخلے کی تجویز بھیجی گئی ہے۔ پی جی کی 45 سیٹیں ہیں جبکہ سپر اسپیشلائزیشن کورسز بھی اگلے سال سے شروع کیے جائیں گے۔ ایمز جموں میں کام کرنے والوں کے لیے تمام سہولیات دستیاب ہیں۔ ملازمین کی کام کرنے کی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے اسپورٹس کمپلیکس، جے اینڈ کے بینک، ایس بی آئی، شاپنگ کمپلیکس، میس، کریچ جیسی سہولیات موجود ہیں۔ طلباء کے لیے جدید لائبریری کا بھی انتظام ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کشمیر میں ایمز کا خواب کب ہوگا شرمندہ تعبیر!