سرینگر:عمر عبد اللہ کی تقریب حلف برداری میں این ڈی اے کے اتحادی اور اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کی شرکت متوقع ہے۔ ان رہنماؤں میں ریاست آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ چندر بابو نائیڈو اور بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار بھی شامل ہیں۔ این سی کے ذرائع نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ ’’یہ رہنما، مہمانوں کی فہرست میں شامل ہیں اور ان رہنماؤں کا حلف برداری تقریب میں شرکت کا قوی امکان ہے۔‘‘
کانگریس کے سرکردہ رہنماؤں، بشمول پارٹی صدر ملیکارجن کھرگے، اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کی بھی شرکت متوقع ہے۔ این سی ذرائع کے مطابق، دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال، شرد پوار، اکھلیش یادو، ادھو ٹھاکرے، ڈی راجہ اور لالو پرساد یادو کو بھی مدعو کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ’’یہ (کوشش) ملک کے تمام لیڈران تک رسائی کی ایک کوشش ہے، اور فہرست جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر ایل جی کے دفتر کو بھی بھیجی جائے گی۔‘‘