بانڈی پورہ (جموں کشمیر):تپ دق (ٹی بی) کے خاتمے کے حوالہ سے قومی سطح پر جاری پروگرام (این ٹی ای پی) کی جانب سے جہاں ٹی بی کا مکمل اور مفت علاج کیا جاتا ہے وہیں اس حوالہ سے آگاہی پروگرامز کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے۔ منگل جو شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع میں بھی ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں ٹی بی کے حوالہ سے ضلع میں جاری پروگرامز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پروگرام کے دوران حکام نے بتایا کہ ضلع بانڈی پورہ کی کل 151پنچایتوں میں سے 28پنچایتوں میں ٹی بی کا ایک بھی مریض نہیں لہٰذا ان 28پنچایتوں کو ’’ٹی بی مُکت‘‘ یعنی تپ دق کے مرض سے پاک علاقے قرار دیا گیا ہے۔ پروگرام کے حاشیہ پر میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے ایک عہدیدار نے بتایا کہ سال 2025کے آخر تک ضلع کو تپ دق سے 100پاک بنائے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جسے حاصل کرنے کی پوری کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کے تحت نہ صرف تپ دق میں مبتلا مریضوں کا پوری طرح علاج و معالجہ مفت کیا جا رہا ہے بلکہ اس بیماری کے حوالہ سے لوگوں کو بیدار بھی کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بیداری عام کرنے سے ہی ضلع کو ٹی بی مکت بنائے جانے کا ہدف مقررہ وقت پر ممکن بنایا جا سکتا ہے۔