سرینگر :نیشنل کانفرنس (این سی) نے حالیہ حکومتی تشکیل کے بعد پارٹی میں پہلی بار بڑی تبدیلی کی ہے اور شوکت احمد میر کو وادی (کشمیر) کے صوبائی صدر کے عہدے پر تعینات کر دیا گیا ہے۔ سابق بیوروکریٹ شوکت احمد میر 2013 میں گورنمنٹ سروس سے ریٹائرمنٹ کے بعد سیاست میں داخل ہوئے اور پارٹی میں نمایاں پوزیشن حاصل کی۔
میر کو ناصر اسلم وانی کی جگہ صوبائی صدر مقرر کیا گیا ہے۔ ناصر کو گزشتہ ماہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا مشیر مقرر کیا گیا تھا۔ پارٹی نے ’’ایک عہدہ، ایک فرد‘‘ کے اصول کو اپناتے ہوئے وادی میں اپنی گرفت مضبوط رکھنے کا عزم دہرایا ہے۔ ناصر اسلم وانی، جو عبداللہ خاندان کے قریبی ساتھی ہیں، گزشتہ ایک دہائی سے پارٹی کی کمان سنبھالے ہوئے تھے اور ان کی قیادت میں پارٹی نے لوک سبھا میں دو نشستیں اور کشمیر سے 37 نشستیں حاصل کیں۔ میر، جو قانون کے گریجویٹ ہیں، وانی کی ٹیم میں بطور صوبائی سیکریٹری کام کرتے رہے ہیں اور انہیں ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ تک رسائی حاصل ہے۔