سرینگر:متحدہ مجلس علما نے جس میں جموں و کشمیر کے تمام مذہبی،ملی اور تعلیمی اداروں کے سربراہان اور ذمہ داران میر واعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق کی قیادت میں شامل ہیں نے سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو جوانہیں بھی بھیجی گئی ہے پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ویڈیو میں ڈل جھیل میں شکارا پر باہر کے کچھ لوگوں کا ایک گروپ کھلے عام شراب پی رہا ہے۔ مجلس علما اس گھناﺅنی حرکت کی سخت مذمت کرتی ہے ۔
بیان میں کہا گیا کہ اگرچہ قانون کے تحت کھلے عام اور پبلک مقامات پر شراب نوشی کو سختی سے منع کیا گیا ہے تاہم اس کی اجازت کیوں اور کیسے دی گئی یہ ایک تشویشناک امرہے۔
مجلس علماءنے کہا کہ کشمیر کے لوگ مہمان نواز ہیں اور وادی میں آنے والے سیاحوں کا مہمان کی طرح احترام کرتے ہیں تاہم مسلم اکثریتی وادی میں اس طرح کے غیر اسلامی اور غیر اخلاقی عمل کو برداشت نہیں کیا جائے گا جو اولیاء، صوفیاءاور بزرگان دین کی سرزمین ہے۔ کیونکہ دین اسلام میں اس عمل کے مضر اثرات اور معاشرے میں شراب نوشی کی سختی کے ساتھ ممانعت کی گئی ہے۔
مجلس علما ہوٹل مالکان، ہاو س بوٹ مالکان اور شکارا آپریٹرز سے اپیل کرتا ہے کہ وہ ایسی غلط حرکات اور کاموں پر نظر رکھیں اور معمولی منفعت کے لئے اس طرح کے غیر اسلامی اور غیر اخلاقی عمل میں ملوث ہونے سے مکمل طور پر دور رہیں۔ مجلس نے سیاحوں سے کشمیر کے اخلاقی اور مذہبی اقدار کا احترام کرنے کی بھی استدعا کی۔
دریں اثنا مجلس نے جی ایم سی سرینگر میں توہین رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم میں ملوث طالب علم کی فوری گرفتاری اور مناسب سزا کے اپنے مطالبے کا اعادہ کیا ہے حالانکہ پولیس نے پہلے ہی ایف آئی آر درج کررکھی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پیغمبر اسلامﷺ کی شان میں گستاخی کو برداشت نہیں کیا جائے گا: متحدہ مجلس علما - Insolence in Glory of Holy Prophet is Unbearable
واضح رہے کہ متحدہ مجلس علماجموں وکشمیر میں انجمن اوقاف جامع مسجدسرینگر، دارالعلوم رحیمیہ بانڈی پورہ ، مفتی اعظم کی مسلم پرسنل لاءبورڈسمیت انجمن شرعی شیعان، جمعیت اہلحدیث،کاروان اسلامی، اتحاد المسلمین، انجمن حمایت الاسلام،انجمن تبلیغ الاسلام،جمعیت ہمدانیہ،انجمن علمائے احناف،دارالعلوم قاسمیہ،دارالعلوم بلالیہ ، انجمن نصرة الاسلام، انجمن مظہر الحق،جمعیت الائمہ والعلمائ، انجمن ائمہ و مشائخ کشمیر،دارالعلوم نقشبندیہ ، دارالعلوم رشیدیہ ،اہلبیت فاﺅنڈیشن، مدرسہ کنز العلوم ،پیروان ولایت،اوقاف اسلامیہ کھرم سرہامہ ،بزم توحید اہلحدیث ٹرسٹ، انجمن تنظیم المکاتب ، محمدی یتیم ٹرسٹ، انجمن انوار الاسلام،کاروان ختم نبوت، دارالعلوم سید المرسلین، انجمن علما و ائمہ مساجد ، فلاح دارین ٹرسٹ ویلفیئر سوسائٹی اسلام آباد،اشرف العلوم حیدرپورہ، دارالعلوم داﺅدیہ بٹہ مالو،دارالعلوم فرقانیہ نوشہرہ،دارالعلوم داﺅدیہ خانیار، جمعیت العلماء، سراج العلوم، ادارہ وحدة المکاتب ، دارالعلوم امدادیہ نٹی پورہ،دارالعلوم جامعة الرشاد اونتی پورہ، خانقاہ مرادیہ جامع مسجد کریری،دارالعلوم صوت القرآن گلشن آباد اور دیگر جملہ معاصر دینی، ملی ، سماجی اور تعلیمی انجمن کے ذمہ داران شامل ہیں۔