بڈگام:وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں 29 فروری سے لاپتہ ایک معمر شہری کی لاش ضلع کے بڈی پورہ علاقے کے کیریواز سے برآمد ہوئی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق لاش کو مقامی باشندوں نے دیکھا اور فوری طور پر نزدیکی پولیس اسٹیشن کو اطلاع دی۔ اطلاع موصول ہوتے ہی بڈگام پولیس کی ایک ٹیم جائے موقع پر پہنچی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا۔
بعد ازاں پولیس نے لاش کو طبی و قانونی لوازمات کی تکمیل کے لیے نزدیکی اسپتال منتقل کر دیا۔ لوازمات کی تکمیل کے بعد میت کو آخری رسومات کی انجام دہی کے لیے لواحقین کے سپرد کر دیا گیا۔ متوفی کی شناخت دلی پورہ، ناگم کے عبدالمجید لون کے طور پر ہوئی ہے متوفی کی عمر 60 برس کے قریب بتائی جا رہی ہے جو 29 فروری کو اپنے گھر سے لاپتہ ہو گیا تھا۔