سرینگر: جموں و کشمیر عوامی مجلس عمل جس کی تشکیل 20 جون 1964 کو شہید ملت میر واعظ مولوی محمد فاروق نے مسئلہ کشمیر کے حل میں عوام کی خواہشات اور امنگوں کی تکمیل کیلئے ایک نمائندہ فورم کے طور پر کی تھی۔شہید قائد نے اپنی پوری زندگی میں پرامن اور جمہوری طریقوں سے اس ویژن کو عملی جامہ پہنانے کے لئے پرعزم جدوجہد کی۔
بیان میں کہا گیا کہ موجودہ پابندیوں اور نامساعد حالات کی وجہ سے اس سال پارٹی کے یوم تاسیس کے حوالے سے تنظیم کے مرکزی دفتر میرواعظ منزل راجوری کدل یا کسی بھی ضلع اور حلقہ دفاتر پر کوئی تقریب منعقد نہیں کی جا سکی جبکہ پارٹی کے موجودہ سربراہ میرواعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق کی بار بار نظربندی کی۔لوگوں اور میڈیا سے رابطہ پر پابندی اور کسی بھی سیاسی سرگرمی میں ان کو شرکت کی اجازت نہ دینے کی وجوہات نے بھی تقاریب کے انعقاد کو ناممکن بنا دیا۔
اس دوران میر واعظ نے یوم تاسیس کے حوالے سے اپنے پیغام میں تمام پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے تمام سختیوں، بندشوں کے باوجود مضبوطی سے ان کا ساتھ دیا اور پارٹی کے موقف اور اصولوں پر ڈٹے رہے۔ شہید ملت سے لے کر موجودہ دور تک تنظیم کے قائدین اور کارکنان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے میر واعظ نے جموں و کشمیر کے عوام کیلئے ان کی خدمات اور قربانیوں کو ناقابل فراموش قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ تنظیم سے جڑے تمام لوگوں نے اپنے ذاتی مفادات سے بالا تر ہوکر ابتدا سے ہی پارٹی کے اصولوں اور نظریئے کو تکمیل کے مرحلے تک لے جانے کیلئے پوری دیانتداری کے ساتھ جدوجہد کی۔