بڈگام (جموں کشمیر) :وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں ایک نابالغ لڑکے کی لاش پر اسرار حالت میں بر آمد ہوئی ہے اور متوفی کے اہل خانہ نے قتل کا الزام عائد کرتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ آفیشل ذرائع نے بتایا کہ ضلع کے کیچواری علاقے میں پیر اور منگل کی درمیانی شب ایک نابالغ لڑکا پراسرار حالت میں مردہ پایا گیا جس کی گردن پر کچھ نشانات موجود تھے۔
متوفی کی شناخت ذیشان احمد کالس ولد بلال احمد کالس ساکنہ کیچواری، خانصاحب کے طور پر ہوئی ہے۔ آفیشل نے مزید بتایا کہ نابالغ کی لاش کو طبی و قانونی لوازمات کے لئے پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا۔ ادھر، معاملے کی سنگینی کا نوٹس لیتے ہوئے بڈگام پولیس نے معاملہ درج کرکے مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔ پولیس افسران کا کہنا ہے کہ لوازمات کی تکمیل کے بعد لاش کو آخری رسومات کے لیے لواحقین کے سپرد کر دیا جائے گا۔