اردو

urdu

ETV Bharat / jammu-and-kashmir

سرینگر میں بھیانک آتشزدگی،مکان مالک جاں بحق،6 رہائشی مکان تباہ - فائر اینڈ ایمرجنسی

Fire Incident Srinagar پائین شہر کے گنجان آبادی والے علاقے جمالٹہ سرینگر میں جمعرات کی شام ایک بھیانک آتشزدگی میں مکان مالک جاں بحق جبکہ 6 رہائشی مکان تباہ ہوگئے ہیں۔

Etv Bharat
Etv Bharat

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Feb 29, 2024, 9:03 PM IST

سرینگر میں بھیانک آتشزدگی،مکان مالک جاں بحق،6 رہائشی مکان تباہ

سرینگر : جموں وکشمیر کی گرمائی دارالحکومت سرینگر کے جمالٹہ علاقے میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں چھ رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے، جبکہ فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں رہائشی مکان میں پھنسے تین افراد کو بچایا گیا، تاہم مالک مکان دم گھٹنے سے جاں بحق ہوا۔


فائر اینڈ ایمرجنسی کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے بتایا کہ جمالٹہ میں آتشزدگی کی واردات میں تین رہائشی مکان خاکستر ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے اہلکاروں نے اپنی جانوں کو جوکھم میں ڈال کر ایک ہی کنبے کے تین افراد جو کہ آگ کے شعلوں میں پھنس کر رہ گئے تھے کو بچایا، تاہم مالک مکان کی دم گھٹنے سے موت واقع ہوئی۔


اطلاعات کے مطابق پائین شہر کے گنجان آبادی والے علاقے جمالٹہ سرینگر میں جمعرات کی شام کو رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً اپنے متصل مزید دو کو لپیٹ میں لے لیا۔


معلوم ہوا ہے کہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے ڈپٹی ڈائریکٹر عاقب احمد کی سربراہی میں فائر مین فوری طور پر جائے موقع پر پہنچے اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی۔
ذرائع نے بتایا کہ تنگ گلی کوچوں کی وجہ سے فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کو آگ بجھانے کی کارروائی کے دوران دقتوں کا سامنا کرنا پڑا، تاہم اس کے باوجود بھی انہوں نے کمال جرائت کا مظاہرہ کرکے آگ پر قابو پایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ رہائشی مکان کے اندر پھنسے ہوئے تین افراد کو فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کے اہلکاروں نے ریسکیو کیا، تاہم مالک مکان جس کی شناخت 50سالہ بشیر احمد کے بطور ہوئی کی دم گھٹنے سے موت واقع ہوئی ہے۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ آگ کی اس واردات میں چھ رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا، جبکہ تین مکمل طور پر خاکستر ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے اہلکاروں نے کمال جرائت کا مظاہرہ کرکے رہائشی مکان میں پھنسے ہوئے ایک ہی کنبے کے تین افراد کو باہر نکالا، تاہم مالک مکان ہسپتال میں جانبر نہ ہو سکا۔


دریں اثنا ڈپٹی ڈائریکٹر فائر اینڈ ایمرجنسی عاقب احمد نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ جمالٹہ سرینگر میں جمعرات کی شام چھ بجے رہائشی مکان سے آگ نمودار ہونے کی اطلاع ملتے ہی فائر ٹینڈر جائے موقع پر پہنچے۔
انہوں نے بتایا کہ جوں ہی ہم جائے وقوع پر پہنچے تو ہمیں پتہ چلا کہ جس رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی وہاں پر تین افراد آگ کی لپٹوں میں پھنس کر رہ گئے ہیں۔

مزید پڑھیں:سیاحتی مقام گلمرگ میں آتشزدگی، ہوٹل کو نقصان


انہوں نے کہا کہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے اہلکاروں نے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر تینوں کو آگ کی لپٹوں سے باہر نکال کر ہسپتال پہنچایا تاہم مالک مکان جس کی شناخت بشیر احمد کے بطور ہوئی ہے کی دم گھٹنے سے موت واقع ہوئی ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ گلی کوچوں اور شاہراوں پر گاڑی پارک کرنے سے گریز کریں۔انہوں نے بتایا کہ جوں ہی ہم جمالٹہ پہنچے تو یہاں پر شاہراﺅں پر گاڑیاں پارک کی گئی تھیں جس وجہ سے فائر عملے کو اندر تک جانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
(یو این آئی)

ABOUT THE AUTHOR

...view details