جموں:جمعرات کو جموں شہر کے نروال، بھٹنڈی علاقے میں مشکوک نقل و حمل کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز کی مشترکہ ٹیم نے تلاشی مہم شروع کر دی۔ پولیس اور نیم فوجی دستوں کی جانب سے نروال اور اس کے ملحقہ علاقوں کی تلاشی لی جا رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی جموں ڈویژن کے مختلف اضلاع میں عسکریت پسندوں کو ڈھونڈ نکالنے کے لیے تلاشی آپریشن جاری ہے۔ پولیس، ایس او جی، سی آر پی ایف، آرمی اور دیگر سیکورٹی ایجنسیز کی ٹیمیں عسکریت پسندوں کے خلاف جاری آپریشن میں مصروف ہیں۔
کٹھوعہ کے کنڈی علاقے، ڈوڈہ اور ریاسی کے جنگلات اور پہاڑی علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ جموں ڈویژن میں 9 جون سے 12 جون کے درمیان 100 گھنٹوں سے بھی کم عرصے میں چار عسکریت پسندی کے واقعات پیش آئے۔ 9 جون کی شام کو ریاسی میں عسکریت پسندوں نے یاتریوں کی ایک بس پر حملہ کیا تھاجس میں 9 مسافر ہلاک اور 41 زخمی ہوئے تھے۔ حملہ کرنے کے بعد عسکریت پسند فرار ہو گئے۔
اس کے بعد عسکریت پسندوں نے کٹھوعہ ضلع کی ہیرانگر تحصیل کے سیدہ سوہل گاؤں میں ایک گھر میں مبینہ طور داخل ہونے کی کوشش کی۔ عسکریت پسندوں کو دیکھ کر لوگوں نے خطرے کی گھنٹی بجائی تو انہوں نے فائرنگ شروع کر دی۔ اس حملے میں ایک شہری زخمی ہوا۔ بعد میں شروع ہونے والے مقابلے میں دو عسکریت پسند مارے گئے۔ عسکریت پسندوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔ فائرنگ کے دوران سی آر پی ایف کا ایک جوان بھی زخمی ہوا جن میں سے ایک کی دوران علاج موت واقع ہو گئی۔