بارہمولہ (جموں کشمیر) :محکمہ وائلڈ لائف نے ہفتے کے روز شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں ایک ’’آدم خور‘‘ تیندوے کو کئی روز کی مشقت کے بعد بالآخر پکڑنے میں کامیابی حاصل کر لی۔ محکمہ کی جانب سے یہ کارروائی ضلع زمبور علاقے میں انجام دی گئی۔ حکام کی جانب سے شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ وہی تیندوا ہے جس نے تقریباً دس روز قبل زمبور، پٹن علاقے میں ایک چار سالہ بچی کی چیر پھاڑ کرکے اسے ابدی نیند سلا دیا تھا۔
رواں ماہ کی پانچ تاریخ کو پٹن، بارہمولہ میں ایک تیندوے کے حملہ میں کمسن بچی کی موت کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور اس واقعے کی اطلاع طور طور پر محکمہ وائلڈ لائف کو دی گئی جنہوں نے فوری طور پر ایک ٹیم علاقے میں روانہ کرکے دو مقامات پر پنجرے نصب کیے۔ وائلڈ لائف کی ٹیم کو ہفتہ کی صبح تیندوا پکڑنے میں کامیابی حاصل ہوئی۔