جموں:جموں لوک سبھا سیٹ کے لیے ووٹنگ 26 اپریل کو ہوگی۔ ووٹنگ صبح 7 بجے سے شروع ہو کر شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔ پولنگ پارٹیوں کی ٹیمیں پولنگ بوتھ کے لیے آج روانہ ہوگئی ہیں۔ پولنگ افسران نے ای وی ایم اور ضروری دستاویزات کے ساتھ انہیں پولنگ مراکز کے لیے روانہ کیا ہے۔
جموں لوک سبھا سیٹ کے لیے کُل 2416 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔ جموں، سانبہ اور ریاسی اضلاع کے علاوہ راجوری کے سندر بنی اور کالاکوٹ علاقے بھی اس پارلیمانی سیٹ میں آتے ہیں۔ اس پورے پارلیمانی حلقے میں دفعہ 144 نافذ ہے۔ پُرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے ہر موڑ پر سکیورٹی فورسز کو تعینات کیا گیا ہے۔ دن کے وقت سکیورٹی فورسز نے تمام اہم مقامات پر فلیگ مارچ کیا۔
جموں پارلیمانی سیٹ میں 18 اسمبلی حلقے ہیں۔ اس نشست کے لیے کُل پولنگ اسٹیشنز میں سے 18 سبز اور 46 گلابی پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔
اس سے قبل بدھ کی شام جموں حلقہ کے لیے انتخابی مہم اختتام پذیر ہوئی۔ اس سے قبل تمام جماعتوں کے امیدواروں نے دن بھر انتخابی مہم چلائی اور زیادہ سے زیادہ جگہوں پر پہنچنے کی بھرپور کوشش کی۔ جموں سیٹ کے لیے 22 امیدوار میدان میں ہیں، جن میں موجودہ بی جے پی ایم پی جوگل کشور شرما، انڈیا بلاک کے امیدوار اور ریاستی کانگریس کے ورکنگ صدر رمن بھلا، شامل ہیں۔
اس پارلیمانی نشست پر 1780835 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ جن میں 921095 مرد، 859712 خواتین اور 28 خواجہ سرا ووٹرز ہیں۔ یہ ووٹرز 22 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔ اس سے پہلے 19 اپریل کو ادھم پور سیٹ کے لیے ووٹنگ ہوئی تھی اور اس حلقہ میں 68 فیصد سے زیادہ ووٹنگ ہوئی تھی۔
جموں و کشمیر کے چیف الیکٹورل آفیسر (سی ای او) پانڈورنگ کے پول نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی ہے، انہوں نے کہا کہ ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ (ایم سی سی) کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ضروری کارروائی کی گئی ہے۔