اردو

urdu

ETV Bharat / jammu-and-kashmir

سرینگر پالیمانی نشست پر 52 ہزار کشمیری پنڈت ووٹ ڈالیں گے - Kashmiri Pandit Voters - KASHMIRI PANDIT VOTERS

Fifty two Thousand Kashmiri Migrant Voters: لوک سبھا انتخابات 2024 میں سرینگر پارلیمانی نشست کے لیے کل 17.4 لاکھ ووٹرز 24 سیاسی امیدوارں کی سیاسی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔ ان رائے دیہندگان میں 52 ہزا ایک سو مہاجر کشمیری پنڈت بھی شامل ہیں۔

سرینگر پالیمانی نشست پر 52ہزار کشمیری پنڈت ووٹ ڈالیں گے
کشمیری مہاجر پنڈت (فائل فوٹو)

By ETV Bharat Urdu Team

Published : May 11, 2024, 5:20 PM IST

سرینگر (جموں و کشمیر) :ملک بھر میں قیام کر رہے کل 52,100 کشمیری مہاجر رائے دہندگان 13 مئی کو لوک سبھا انتخابات کے چوتھے مرحلے کے دوران جموں و کشمیر کی سرینگر پارلیمانی نشست میں ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں۔ سرینگر پارلیمانی نشست پر کل 17.4 لاکھ رجسٹرڈ ووٹرز ہیں جن میں 8.7 لاکھ خواتین بھی شامل ہیں جو اس نشست پر کاغذات نامزدگی داخل کرنے والے کل 24 امیدواروں کی سیاسی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔

حکام کا کہنا ہے کہ وادی کشمیر کی تین نشستوں پر لوک سبھا انتخابات کے لیے ووٹ ڈالنے کے لیے 1.13 لاکھ سے زیادہ کشمیری مہاجر پنڈتوں کا اندراج کیا گیا ہے۔ ای ٹی وی بھارت کے ساتھ فون پر بات کرتے ہوئے، ریاض احمد، اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر (اے آر او) برائے مہاجرین نے بتایا کہ 13 مئی کو سرینگر لوک سبھا حلقہ سے کل 52,100 کشمیری مہاجر اپنے حق رائے دیہی کا استعمال کریں گے جن میں25,760 مرد ووٹرز اور 26,340 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

ریاض احمد نے ووٹر ڈیموگرافکس کی مزید تفصیل بیان کرتے ہوئے کہا: ’’اس بار کل 1,13,873 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں، جن میں 56,290 مرد، 57,582 خواتین اور ایک ٹرانس جینڈر شامل ہے، جو کہ سرینگر، بارہمولہ، اور اننت ناگ - راجوری کے پارلیمانی حلقوں میں پھیلے ہوئے ہیں۔‘‘ مہاجرین کی سہولت کے لیے 26 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 21 جموں میں، چار دہلی میں اور ایک ادھم پور میں ہے۔

مزید تفصیلات فراہم کرتے ہوئے ریاض احمد نے کہا کہ جموں میں 21 پولنگ اسٹیشن کو قائم کیا گیا ہے، جن میں ووٹروں کی تعداد میں اضافے کی وجہ سے اضافی معاون اسٹیشنوں کی ضرورت پڑ گئی جس سے سرینگر انتخابی حلقے کی کل تعداد 23 تک پہنچ گئی۔ الیکشن میں شرکت کی سہولت کے لیے، الیکشن کمیشن نے کشمیری مہاجر ووٹروں کے لیے پک اپ اور ڈراپ آف سروسز کا اہتمام کیا ہے، جو صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک چلیں گیں۔ یہ ٹرانسپورٹ خدمات پولنگ کے دنوں میں زیادہ مہاجر ووٹروں کی تعداد والے علاقوں میں دستیاب ہوں گی۔

رائے دہندگان کی مصروفیت کو بڑھانے کے لیے جموں، ادھم پور اور دہلی میں خصوصی بیداری مہم چلائی گئی، جس کے نتیجے میں گزشتہ انتخابات کے مقابلے رجسٹرڈ ووٹرز میں قابل ذکر اضافہ ہوا۔ سرینگر میں مختلف سیاسی پس منظر کے دعویدار ہیں، ہر ایک امیدوار اپنے الگ الگ ایجنڈوں اور وعدوں کے ساتھ ووٹر کو متاثر کرنے اور لبھانے کی کوشش کر رہا ہے۔ اس نشست پر قابل ذکر امیدواروں میں نیشنل کانفرنس کے آغا سید روح اللہ مہدی اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے وحید الرحمن پرہ شامل ہیں۔ مزیدیکہ، جموں و کشمیر اپنی پارٹی سے محمد اشرف میر، ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی سے امیر بٹ، جے اینڈ کے نیشنل پینتھرس پارٹی (بھیم) سے حقیقت سنگھ، لوک تانترک پارٹی سے روبینہ اختر، اور 18 آزاد امیدوار میدان میں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:فارم ایم سے کشمیری پنڈت ناراض کیوں

ABOUT THE AUTHOR

...view details