گاندربل (جموں کشمیر):سرینگر پارلیمانی نشست کے جنرل اوبزرور مکل کمار نے جموں کشمیر پولیس اوبزرور سندیپ سنگھ چوہان کے ہمراہ وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع کا دورہ کیا اور ڈی سی آفس کے وی سی روم میں ضلع میں لوک سبھا انتخابات - 2024 کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے ایک مشتر کہ میٹنگ منعقد کی۔ میٹنگ میں ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر شیا مبیر سنگھ، ایس ایس پی گاندربل سندیپ گپتا، سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔
میٹنگ کی شروعات میں اوبزرورز نے اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرز (اے آر او) نوڈل افسروں کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی اور ضلع میں لوک سبھا انتخابات کے انعقاد سے متعلق مختلف اور اہم پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے ضلع میں آئندہ لوک سبھا انتخابات کے پر امن انعقاد کے لئے انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے انتظامات بشمول سویپ (ایس وی ای ای پی)، میٹریل مینجمنٹ، افرادی قوت، ٹرانسپورٹ پلان، ای وی ایم مینیجمنٹ، پولنگ اسٹیشنوں اور ڈسٹری بیوشن کم ریسپشن سینٹر ( ڈی سی آر ) پر انتظامات کے علاوہ دیگر اقدامات کا تفصیلی خاکہ پیش کیا۔
اوبزروروں نے نوڈل افسروں سے بات چیت کرتے ہوئے ضلع میں لوک سبھا انتخابات کے آزادانہ اور پُر امن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے آپسی تال میل کے ساتھ کام کرنے پر زور دیا۔ میٹنگ میں جانکاری دی گئی کہ ضلع کے دونوں اسمبلی حلقوں میں آئندہ لوک سبھا انتخابات - 2024 میں 2,05,029 رجسٹرڈ رائے دہندگان اپنے حق رائے دیہی کا استعمال کر رہے ہیں۔ ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے اوبزروروں کو آزادانہ، منصفانہ اور پر امن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے انتظامیہ کی مکمل تیاری کی یقین دہانی کی۔