سرینگر (جموں و کشمیر):18 سال سے زائد عمر کے پہلی بار ووٹنگ کے اہل افراد کی انتخابی مہم کی شرکت کو بڑھانے کی ایک کوشش میں، سرینگر کے ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر (ڈی ای او) ڈاکٹر بلال محی الدین نے ایک سلسلہ وار اختراعی اقدامات کی نقاب کشائی کی جس کا مقصد عوام میں ووٹنگ سے متعلق بیداری پیدا کرنا ہے۔ ووٹنگ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے سلسلہ میں سرینگر کے تاریخی گھنٹہ گھر (کلاک ٹاور) میں ’’نکڑ ناٹک‘‘ کا اہتمام کیا گیا جس میں مقامی باشندوں خاص کر طلبہ کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔ نکڑ ناٹک کے ذریعے شہری مشغولیت اور جمہوری شرکت کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر بلال محی الدین نے جمہوری عمل کی تشکیل میں ووٹنگ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے انتخابی امور میں معاشرے کے تمام طبقات بالخصوص نوجوانوں کی فعال شمولیت کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈاکٹر بلال محی الدین نے ریمارکس کہا: ’’ووٹ دینا محض ایک حق نہیں ہے بلکہ ایک ذمہ داری ہے جو شہریوں کو اپنے قوم کے مستقبل کو تشکیل دینے کا اختیار دیتی ہے۔‘‘
آگاہی مہم کے مرکزی نکات میں سے ایک نکڑ ناٹک - ایک اسٹریٹ پلے- تھا جو پہلی مرتبہ گھنٹہ گھر میں پیش کیا گیا۔ تھیٹر کی پرفارمنس کا مقصد راہگیروں کی توجہ اپنی طرف مبذول کرنا اور ووٹنگ کے حقوق کے استعمال کی اہمیت کے بارے میں پُرجوش پیغام دینا تھا۔ ڈی ای او سرینگر نے کمیونٹی کے ساتھ منسلک ہونے اور انتخابی شرکت کے کلچر کو فروغ دینے میں ایسی تخلیقی کوششوں کی تاثیر پر زور دیا۔