اننت ناگ (جموں کشمیر) :اننت ناگ - راجوری لوک سبھا نشست کے لئے 12 اپریل سے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کا عمل جاری ہے۔ اس نشست کے لئے ابھی تک 18 امیدواروں نے فارم حاصل کئے ہیں، جبکہ دلیپ کمار پنڈتا نامی ایک آزاد امیدوار نے کاغذات نامزدگی داخل کیے۔ پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی، نیشنل کانفرنس کے میاں الطاف سمیت کئی سرکردہ رہنماؤں نے فارم حاصل کئے ہیں۔ ان میں سے گیارہ امیدواروں نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے فارم حاصل کئے ہیں۔
واضح رہے کہ اننت ناگ راجوری لوک سبھا نشست کے لئے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کا آغاز 12 اپریل سے شروع ہوا ہے۔ کاغذات جمع کرنے کی آخری تاریخ 19 اپریل ہے جبکہ نام واپس لینے کی تاریخ 22 اپریل ہے اور اس نشست کے لئے 7 مئی کو انتخابات ہوں گے۔ ’’نیشنل لوک تانترک پارٹی‘‘ کے اننت ناگ راجوری نشست کے لئے پارٹی کے امیدوار امتیاز احمد نجار نے منگل کے روز فارم حاصل کیا۔ اننت ناگ ضلع میں میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے نیشنل لوک تانترک پارٹی کے آرگنائزیشن منسٹر اشفاق علی نے کہا کہ ان کی پارٹی جموں کشمیر کی سبھی نشستوں کے لئے اپنے امیدوار میدان میں اتارے گی۔