بارہمولہ (جموں کشمیر) :شمالی کشمیر کے سوپور علاقے میں دو عسکریت پسندوں کی ہلاکت کو فوجی افسر نے ’’دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی کامیابی‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’کشمیر میں امن کی بحالی میں عوام کا تعاون کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔‘‘ سوپور علاقے میں انکاؤنٹر کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے 5 سیکٹر کے کمانڈر دیپک موہن نے کہا کہ ’’گزشتہ ہفتوں کے دوران بھارتی فوج اور جموں و کشمیر پولیس نے مشترکہ کارروائیوں میں دہشت گردوں کا سراغ لگاتے ہوئے متعدد اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔‘‘
دیپک موہن کا کہنا ہے کہ ’’ان کارروائیوں میں کئی مطلوب دہشت گردوں کو مارا گیا جو کہ مختلف دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔‘‘ فوجی افسر نے عوام کی غیر متزلزل حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’’کشمیری عوام کی مدد اور ان کے تعاون کے بغیر یہ کامیابیاں ممکن نہ تھیں۔‘‘ انہوں نے مقامی لوگوں کی کاوشوں پر ان کا شکریہ ادا کیا جو کشمیر میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔